Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خشک ہونے کے بعد حیات پانے والا معجزاتی پودا

اس پودے میں پانی کی کمی برداشت کرنے کی غیر معمولی صلاحیت پائی جاتی ہے بعض اوقات یہ کئی سال تک پانی کے بغیر زندہ رہ سکتا ہے

اس حیرت انگیز پودے کا نام سیلاگینیلا لیپیڈوفیلا جسے ریسرکشن پلانٹ” بھی کہا جاتا ہے جو پانی نہ ملنے پر مکمل خشک ہوجاتا ہے اور اسی حالت میں ایک طویل عرصے تک رہ سکتا ہے تاہم اسے جیسے ہی پانی یا نمی میسر آجائے تو یہ دوبارہ جی اٹھتا ہے اور سرسبز ہوجاتا ہے۔

اس کی یہ غیر معمولی صلاحیت اتنی حیران کن ہے کہ ماضی میں ہسپانوی مشنری اسے امریکہ کے مقامی لوگوں کو دوبارہ جنم  کے تصور کو سمجھانے کے لیے استعمال کرتے تھے تاکہ انہیں عیسائیت قبول کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔

اس پودے میں پانی کی کمی برداشت کرنے کی غیر معمولی صلاحیت پائی جاتی ہے بعض اوقات یہ کئی سال تک پانی کے بغیر زندہ رہ سکتا ہے اور دوبارہ پانی ملنے پر اپنی نارمل حیاتیاتی سرگرمیاں شروع کر دیتا ہے۔ پانی کی عدم موجودگی میں یہ پودا اندر کی طرف سمٹ کر ایک گیند جیسی شکل اختیار کر لیتا ہے اور اپنی 95 فیصد تک پانی کی مقدار کھو دیتا ہے۔ اس کے پتے بھورے اور سخت ہو جاتے ہیں اور یہ بظاہر مردہ نظر آتا ہے۔ لیکن صرف چند قطرے پانی اس کی زندگی واپس لا سکتے ہیں۔

پانی ملنے کے چند گھنٹوں کے اندردوبارہ پھیلنا شروع کر دیتا ہے اور آہستہ آہستہ اپنی سبز رنگت واپس حاصل کر لیتا ہے اور فوٹو سنتھیسز کا عمل دوبارہ شروع کر دیتا ہے۔ اسے اکثر نباتاتی عجوبہ کہا جاتا ہے کیونکہ یہ کئی سال تک “غیرفعال حالت” میں رہ کر بھی دوبارہ زندہ ہو سکتا ہے۔

اس پودے میں ٹریہلوز  اور بیٹینز  جیسے مرکبات پائے جاتے ہیں، جو اس کی بقا میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ٹریہلوز ایک شکر ہے جو پودے کے ٹشوز میں پانی کی جگہ لے کر اسے نمکیات کے نقصان سے بچاتی ہے جبکہ بیٹینز بھی اسی طرح کام کرتے ہیں اور شدید خشک سالی میں پودے کی مزاحمت بڑھاتے ہیں۔

مزید یہ کہ اگر خشک سالی بہت زیادہ طویل ہو جائے تو یہ پودا اپنی جڑوں سے الگ ہوکر ہوا کے ذریعے کہیں اور منتقل ہوجاتا ہے جہاں اسے زیادہ بہتر حالات ملنے کی امید ہوتی ہے اور دوبارہ زمین میں اپنی جڑوں کو بھی پروان چڑھا سکتا ہے۔

ان تمام خصوصیات کے باوجود یہ پودا لافانی نہیں ہے اس کی دوبارہ حیات پانے کی صلاحیت وقت کے ساتھ کم ہو جاتی ہے اور کئی بار خشک ہو کر دوبارہ زندہ ہونے کے بعد یہ آخرکار مر جاتا ہے۔ اسی طرح اگر یہ بہت تیزی سے خشک ہو جائے اور اسے تیاری کا وقت نہ ملے تو یہ بھی زندہ نہیں رہ سکتا۔