مکڑیوں کا شمار عام طور پر ایک بے ضرر اور سست رفتار حشرات میں کیا جاتا ہے تاہم مکڑی کی ایک قسم ایسی بھی ہے جو دوڑنے میں انسانوں کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔
سائنس دانوں نے مکڑیوں کے دوڑنے کی رفتار جاننے کے لیے ان کی 258 اقسام کا جائزہ لیا جس سے پتہ چلا کہ ہنٹس مین مکڑی وہ واحد مکڑی ہے جو 3.6 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے۔
ایک طویل عرصے تک مراکشی فلک فلاک مکڑی کو دنیا کی تیز ترین مکڑی سمجھا جاتا تھا لیکن بہت سے سائنس دان اس رائے سے متفق نہیں تھے کیونکہ یہ مکڑی حرکت کرنے کا ایک غیر معمولی طریقہ اختیار کرتی ہے جس میں یہ ایکروبیٹک قلابازیاں لگاتی ہے جس سے اس کی رفتار معمول سے تقریباً دُگنی ہو جاتی ہے۔
یہ جاننے کے لیے کہ حقیقت میں سب سے تیز رفتار مکڑی کون سی ہے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے لیبارٹری کے کنٹرول شدہ ماحول میں 258 مختلف مکڑیوں کا تجرباتی جائزہ لیا اور آخرکار ایک واضح نتیجے پر پہنچے کہ سب سے تیز رفتار مکڑی کون سی ہے۔
آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ میں پائی جانے والی ہنٹس مین مکڑی کو تقریباً 8 میل فی گھنٹہ سے کچھ زیادہ کی رفتار حاصل کرنے کے بعد دنیا کی تیز ترین مکڑی قرار دیا گیا۔ یہ رفتار ایک عام انسان کی اوسط رفتار 4 سے 6 میل فی گھنٹہ سے کہیں زیادہ ہے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بڑی جسامت والی مکڑیاں عموماً زیادہ تیز دوڑتی ہیں، بشرطیکہ ان کا پیٹ اتنا بھاری نہ ہو کہ ان کی رفتار میں رکاوٹ بن جائے، مزید یہ کہ تیز دوڑنے والی مکڑیوں کی ایک نمایاں خصوصیت ان کی لمبی ٹانگیں ہوتی ہیں۔




















