Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

زمین جیسا نیا سیارہ دریافت، ماہرین نے زندگی کے آثار ملنے کی امید ظاہر کردی

تحقیق کے مطابق یہ سیارہ ابتدائی اندازوں کے مقابلے میں زمین سے کہیں زیادہ مشابہ ہے۔

ماہرین فلکیات نے زمین سے صرف 25 نوری سال کے فاصلے پر ایک ایسے سیارے کی نشاندہی کی ہے جسے زندگی کے امکانات کے حوالے سے اب تک دریافت ہونے والے قریب ترین اور اہم ترین سیاروں میں شمار کیا جارہا ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق یہ سیارہ ابتدائی اندازوں کے مقابلے میں زمین سے کہیں زیادہ مشابہ ہے جب کہ یہ سیارہ ایک چھوٹے اور نسبتاً ٹھنڈے ستارے کے گرد گردش کررہا ہے۔

مزید مشاہدات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ اپنے ستارے سے اتنے مناسب فاصلے پر موجود ہے جہاں اس کی سطح پر پانی مائع حالت میں موجود رہنے کے امکانات ہیں اور یہی کسی بھی سیارے پر زندگی کی تلاش میں سب سے بنیادی شرط سمجھی جاتی ہے۔

ابتدائی اندازے میں اس سیارے کا حجم زمین سے پانچ گنا سے زیادہ بتایا گیا تھا تاہم نئی پیمائشوں کے بعد معلوم ہوا کہ اس کا حجم زمین سے تقریباً ڈھائی گنا ہے۔

اس نئی معلومات کے بعد سائنس دانوں کا خیال ہے کہ یہ گیس سے بھرپور سیارہ نہیں بلکہ چٹانی ساخت رکھتا ہے جس سے اس پر زندگی کے امکانات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ سیارہ زمین کے مقابلے میں اپنے ستارے کے گرد بہت کم مدت میں چکر مکمل کرتا ہے لیکن چونکہ اس کا ستارہ سورج کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈا اور مدھم ہے اس لیے زندگی کے لیے موزوں خطہ ستارے کے زیادہ قریب واقع ہوتا ہے۔

تحقیق میں شامل سائنس دانوں کے مطابق کائنات کے سب سے بڑے سوالات میں سے ایک یہ ہے کہ کیا زمین کے علاوہ بھی کہیں زندگی موجود ہے۔ اسی مقصد کے لیے ایسے سیاروں کی تلاش جاری ہے جہاں پانی، مناسب درجہ حرارت اور چٹانی سطح جیسی بنیادی خصوصیات موجود ہوں۔

ماہرین نے واضح کیا کہ فی الحال اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ اس سیارے کے گرد فضا موجود ہے یا نہیں۔ اگر فضا نہ ہو تو سطح پر موجود پانی برقرار نہیں رہ سکتا، اس لیے صرف مناسب فاصلے پر ہونا زندگی کی ضمانت نہیں۔

سائنس دانوں کو امید ہے کہ آنے والے برسوں میں مزید تحقیق سے یہ معلوم کیا جاسکے گا کہ آیا اس دور دراز دنیا میں واقعی زندگی کے لیے سازگار حالات موجود ہیں یا نہیں۔

متعلقہ خبریں