Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا آپ یہ بالوں والے کروسینٹس کھانا پسند کریں گے؟

مقامی طور پر ان کروسینٹ کو موراوئی کروسینٹ کا نام دیا گیا ہے۔

کروسینٹس کسے پسند نہیں، صبح کا ناشتہ ہویا شام کی چائے یہ ہر ایک کو خاص بنا دیتے ہیں تاہم اب تھائی لینڈ کی ایک بیکری نے ایسے کروسینٹ تیار کیے جس پر بال لگے ہوئے ہیں۔

تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کی مشہور سائیوان بیک ہاؤس نامی بیکری  نے اپنے منفرد “بالوں والے کروسینٹس” کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ یہ عجیب و غریب لیکن مکمل طور پر کھانے کے قابل پیسٹری دنیا بھر کے صارفین کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔

خیال رہے کہ کروسینٹ صدیوں سے فرانسیسی کھانوں کا ایک اہم حصہ رہے ہیں لیکن انہیں کبھی متنازع نہیں سمجھا گیا۔ تاہم ایک تھائی بیکری نے اپنے منفرد اور قدرے دلیرانہ انداز کے باعث اس روایت کو بدل دیا ہے۔

بظاہر ایسا لگتا ہے جیسے کروسینٹ کے اوپر انسانی بال بکھرے ہوئے ہیں تاہم بیکری کے مطابق یہ حقیقت پسندانہ بال دراصل باریک کٹی ہوئی سیاہ سمندری کائی ہے جو کروسینٹ کے میٹھے اور کریمی ذائقے کے ساتھ نمکین ذائقہ فراہم کرتے ہیں۔

مقامی طور پر ان کروسینٹ کو موراوئی کروسینٹ کا نام دیا گیا ہے۔

اس عجیب ڈیزائن نے صارفین کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ جہاں کچھ لوگ اسے ایک خوفناک اور ناگوار تجربہ قرار دے رہے ہیں، وہیں ہزاروں افراد اس کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کر رہے ہیں۔ سیاح اور فوڈ بلاگرز اس کے ذائقے اور منفرد شکل کو جانچنے کے لیے بیکری کا رخ کر رہے ہیں۔