ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے جنیوا میں بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ و ٹیلی کمیونیکیشن شیخ عبداللہ بن احمد آل خلیفہ سے ملاقات کی جس میں آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں جدت، مہارت کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔
اس دوران پاکستان نے بحرین کو آئی ٹی، غذائی تحفظ، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر نے بحرین کے وزیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے آگاہ کیا جبکہ دونوں ممالک نے ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔















