Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین کی 4 ڈی رولر کوسٹر، دنیا کی سب سے خوفناک سنسنی خیز سواری

امریکی ڈیزائنر ایلن شلکے  کے تیار کردہ اور امریکی کمپنی ایس اینڈ ایس ورلڈ وائڈ کے تعمیر کردہ اس رولر کوسٹر کا افتتاح 2012میں کیا گیا تھا۔

چین کے شہر چانگژو میں واقع چائنا ڈائنوسار پارک کی ڈائنوکونڈا نامی 4 ڈی رولر کوسٹر اپنی غیر متوقع اور سنسنی سے بھرپور سواری کے باعث دنیا بھر میں شہرت حاصل کر چکی ہے۔

امریکی ڈیزائنر ایلن شلکے  کے تیار کردہ اور امریکی کمپنی ایس اینڈ ایس ورلڈ وائڈ کے تعمیر کردہ اس رولر کوسٹر کا افتتاح 2012میں کیا گیا تھا۔ یہ چین کا پہلا 4 ڈی رولر کوسٹر تھا۔

تقریباً 3,500 فٹ طویل ٹریک پر دوڑنے والا یہ رولر کوسٹر 78 کلومیٹر فی گھنٹہ (48 میل فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کرتا ہے، سواری کے دوران یہ 5 جی ایس (Gs) تک  کھینچتا ہے ، جبکہ زیرو-جی رول کے ذریعے مسافروں کو الٹا بھی گھما دیتا ہے۔ تاہم، اس کی اصل خوفناک بات صرف یہی نہیں۔

دنیا میں موجود چند ہی 4  ڈی رولر کوسٹروں میں شامل ڈائنوکونڈا کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی نشستیں ٹریک سے آزادانہ طور پر گھومتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سواری کے دوران یہ اندازہ لگانا تقریباً ناممکن ہوتا ہے کہ اگلے لمحے آپ کس سمت میں گھومیں گے یا الٹے ہوں گے جس سے ہر رائیڈ ایک نیا اور غیر متوقع تجربہ بن جاتی ہے۔

کوسٹر اسکوپ کی یوٹیوب پر موجود پوائنٹ آف ویو ویڈیو اس سنسنی خیز سواری کی ایک واضح جھلک پیش کرتی ہے۔ اگرچہ آغاز نسبتاً پرسکون ہوتا ہے، لیکن اختتام تک پہنچتے پہنچتے یہ بیشتر لوگوں کے دل کی دھڑکن تیز کر دیتا ہے۔

چونکہ اس 4 ڈی رولر کوسٹر کی ہر سواری ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے اس لیے یہ تجربہ تجربہ کار رولر کوسٹر شائقین کے لیے بھی خاصا چیلنجنگ ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم اگر آپ انتہائی سنسنی خیز اور یادگار رولر کوسٹر کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں تو ڈائنوکونڈا یقیناً آپ کی فہرست میں شامل ہونا چاہیے۔