دبئی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور فوری کارروائی کی مدد سے کرنسی ایکسچینج آفس میں ہونے والی 10 ملین درہم کی ڈکیتی صرف 10 منٹ میں ناکام بنا دی جبکہ تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی گئی پوری رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
واقعہ دبئی کے علاقے دیرہ میں پیش آیا، جہاں تین نقاب پوش ملزمان نے رات کے اوقات میں ایک کرنسی ایکسچینج آفس پر دھاوا بول دیا۔
ملزمان نے دفتر کے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا، انہیں باندھ دیا، نگرانی کے کیمرے توڑ دیے اور کئی بیگز میں موجود 10 ملین درہم نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کارروائی میں اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب ایک ملازم خود کو آزاد کرانے میں کامیاب ہوا اور اپنے موبائل فون کے ذریعے دبئی پولیس کی SOS ایمرجنسی سروس فعال کردی۔
ایمرجنسی الرٹ فوری طور پر پولیس آپریشن روم تک پہنچا جس کے بعد فوری ایکشن شروع کردیا گیا۔
دبئی پولیس نے دیرہ کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے، قریبی علاقوں سے گشت کرنے والی ٹیمیں طلب کیں اور ملزمان کی شناختی تفصیلات تمام یونٹس کو فراہم کردی گئیں۔
صرف 10 منٹ کے اندر ایک ٹریفک اہلکار نے ایک مشتبہ گاڑی کو روک کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ گاڑی سے چوری شدہ رقم کے بیگز بھی برآمد کیے گئے۔
باقی دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے دبئی پولیس نے ہیلی کاپٹر بھی روانہ کیا، جس نے صنعتی علاقے میں موجود دونوں ملزمان کو تلاش کرلیا۔
ہیلی کاپٹر عملے نے دیکھا کہ ملزمان نے رقم کے بیگ چھوڑ کر کارگو کنٹینرز کے درمیان چھپنے کی کوشش کی جس کے بعد زمینی ٹیموں کو فوری طور پر ان کی موجودگی سے آگاہ کیا گیا اور دونوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان حراست میں لے لیے گئے اور 10 ملین درہم کی مکمل رقم برآمد کرلی گئی اس سے پہلے کہ ملزمان رقم کو چھپا یا تقسیم کرسکتے۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اسمارٹ SOS ایمرجنسی سروس، جدید نگرانی کے نظام، فوری رسپانس اور فضائی نگرانی کی کامیاب مثال ہے، جس نے ایک بڑی واردات کو چند منٹوں میں انجام تک پہنچا دیا۔




















