ڈسکوری چینل کا سالانہ “شارک ویک” اختتام کے قریب ہے لیکن شارک سے متعلق دلچسپ خبریں ہیں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتی یہ مچھلیاں کبھی خطرناک، کبھی تجسس کا باعث، کبھی دلکش اور کبھی انتہائی انوکھی خبروں کی وجہ سے توجہ حاصل کرتی رہتی ہیں۔
شارک ویک کی دلچسپی کو سال بھر زندہ رکھنے کے لیے شارک سے متعلق پانچ دلچسپ خبریں پیشِ خدمت ہیں۔
پیڈل بورڈرز کا تعاقب کرتی عظیم سفید شارک
امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا باربرا کے ساحل پر کیلا راس اور ان کی ساتھی پیڈل بورڈ پر ایک ایسی شارک کی تلاش میں نکلیں جسے کچھ عرصہ پہلے دیکھا گیا تھا انہیں اس بات کا اندازہ ہی نہیں تھا کہ جس شارک کو وہ تلاش کر رہی تھیں، وہ پہلے ہی ان کے پیچھے موجود تھی۔
کیلا راس کے چچا نے ڈرون کے ذریعے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا کہ ایک عظیم سفید شارک خاموشی سے ان کے پیڈل بورڈ کے پیچھے تیر رہی تھی جبکہ دونوں خواتین اس سے بے خبر پانی میں اسے ڈھونڈ رہی تھیں۔
کیلا راس نے بعد میں کہا کہ اس واقعے نے انہیں خوفزدہ نہیں کیا، بلکہ وہ آئندہ اس سے بھی بڑی شارک کو قریب سے دیکھنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
خاتون کے جسم پر شارک کے 106 ٹیٹو
امریکی ریاست مین کی رہائشی ایملی موریسن، جو شارک پر تحقیق کرنے والی ماہر حیات ہیں اور شارک کے فوسلز کی ڈائیونگ ٹور کمپنی بھی چلاتی ہیں نے ایک منفرد عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کی بدصورت ترین شارک کی پہلی ویڈیو منظر عام پر
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے مئی میں تصدیق کی کہ “شارک لیڈی ایملی” کے جسم پر شارک کے 106 مختلف ٹیٹو موجود ہیں، جو کسی بھی خاتون کے جسم پر شارک کے سب سے زیادہ ٹیٹوز کا عالمی ریکارڈ ہے۔
ایملی کے مطابق انہیں شارک سے محبت اس وقت ہوئی جب انہوں نے آٹھ برس کی عمر میں مشہور فلم جاز دیکھی تھی۔ شارک سے ان کی اسی غیرمعمولی دلچسپی کی وجہ سے انہیں ڈسکوری چینل کے “شارک ویک” کے خصوصی پروگرام میں بھی شامل کیا گیا۔
کوسٹا ریکا کے ساحل سے پہلی نارنجی شارک پکڑی گئی
اگست 2024 میں ماہی گیر گارون واٹسن نے کوسٹا ریکا کے ٹورٹوگیرو نیشنل پارک کے قریب ایک 6 فٹ 6 انچ لمبی نرس شارک پکڑی، لیکن اس کی خاص بات اس کا چمکدار نارنجی رنگ تھا۔
ماہرین کے مطابق شارک کا یہ غیر معمولی رنگ زینتھزم نامی ایک نایاب جینیاتی کیفیت کی وجہ سے تھا، جس میں جانور کی جلد، کھال یا جسم پر زرد یا سنہری رنگت نمایاں ہو جاتی ہے۔
سفید شارک نے کیمرے پر حملہ کر دیا
یوٹیوب پر “دی مالیبو آرٹسٹ” کے نام سے مشہور کارلوس گاؤنا جنوبی کیلیفورنیا کے ساحل پر اپنی کشتی سے شارک کی ویڈیوز بنا رہے تھے۔ انہوں نے کئی کیمرے اور ایک ڈرون استعمال کر رکھا تھا اسی دوران ایک سفید شارک ان کے ایک کیمرے کے قریب آئی اور اسے کاٹنے کی کوشش کی۔
کارلوس گاؤنا کے مطابق شارک کیمرہ اپنے ساتھ تو نہیں لے جا سکی، لیکن اس نے کیمرے کے حفاظتی شیشے (ڈوم) کو نقصان ضرور پہنچایا۔
رہوڈ آئی لینڈ میں پہلی بار عظیم سفید شارک کی ویڈیو؟
امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے ساحل کے قریب ایک مردہ ہمپ بیک وہیل کی تلاش کے دوران محققین کو ایک غیر متوقع منظر دیکھنے کو ملا۔
اٹلانٹک شارک انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جان ڈوڈ اور مسٹک ایکویریم کی ریسکیو مینیجر سارہ کیلن نے وہیل کی لاش پر خوراک حاصل کرتی ایک عظیم سفید شارک کی ویڈیو ریکارڈ کی۔
ادارے کے مطابق یہ ممکنہ طور پر پہلی مرتبہ ہے کہ رہوڈ آئی لینڈ کے سمندری پانیوں میں کسی سفید شارک کی ویڈیو کیمرے میں محفوظ کی گئی ہو۔




















