پولینڈ کے ایک بہترین قوت برداشت رکھنے والے شخص نے اپنے جسم کو 2 گھنٹے، 12 منٹ اور 12 سیکنڈ تک مکمل برف سے ڈھانپ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
41 سالہ ڈیمین کاسپرژک نے 21 فروری کو پولینڈ کے شہر شلاختووا میں یہ منفرد کارنامہ انجام دیا جس کے بعد انہیں برف کے ساتھ مکمل جسمانی رابطے میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والے مرد کا عالمی اعزاز حاصل ہوا۔
اس سے قبل بھی کاسپرژک برف کے بلاکس کے ساتھ مکمل جسمانی رابطے میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والے مرد کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں جب انہوں نے 5 گھنٹے، ایک منٹ اور 33 سیکنڈ تک برف کے ساتھ مسلسل جسمانی رابطہ برقرار رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 70 ممالک، 30,000 سے زائد اسنیکس، چینی شاپ نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا
کاسپرژک نے بتایا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ رکھنے والے ویلیرین رومانووسکی نے ان کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ رومانوسکی کے پاس برفیلے پانی میں سب سے زیادہ دیر تک ڈوبے رہنے والے مرد کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
کاسپرژک نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “انتہائی سرد اور سخت حالات کو برداشت کرنے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنے میں ویلیرین رومانووسکی کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔”



















