Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

12 اگست کا مکمل سورج گرہن کیوں منفرد ہوگا؟ ناسا نے تفصیلات جاری کر دیں

ماہرین فلکیات کے مطابق سورج غروب ہونے کے وقت مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ ایک غیر معمولی منظر ہوتا ہے

واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ 12 اگست کو ہونے والا مکمل سورج گرہن حالیہ برسوں کے نمایاں فلکیاتی واقعات میں سے ایک ہوگا، کیونکہ دنیا کے چند مخصوص علاقوں میں سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا نایاب منظر دیکھا جا سکے گا۔

ناسا کے مطابق آخری مکمل سورج گرہن تقریباً دو سال قبل دیکھا گیا تھا جبکہ 12 اگست کو ہونے والا گرہن صرف محدود جغرافیائی خطے میں مکمل طور پر نظر آئے گا۔

ادارے کے مطابق گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی علاقوں اور پرتگال کے ایک محدود حصے میں رہنے والے افراد مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کر سکیں گے۔ اسپین میں سورج غروب ہونے کے دوران مکمل گرہن کا منظر اس فلکیاتی مظہر کی خاص کشش ہوگا جسے ماہرین انتہائی نایاب قرار دے رہے ہیں۔

ناسا کا کہنا ہے کہ یورپ اور شمالی افریقا کے متعدد ممالک میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا جبکہ روس کے مختلف علاقوں میں سورج طلوع اور غروب ہونے کے اوقات میں جزوی گرہن نظر آنے کا امکان ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق سورج غروب ہونے کے وقت مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ ایک غیر معمولی منظر ہوتا ہے جو کئی برسوں بعد نصیب ہوتا ہے اسی لیے اس گرہن کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جبکہ مکمل گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا۔ یہ فلکیاتی مظہر رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سورج گرہن کو براہِ راست آنکھوں سے دیکھنا بینائی کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ گرہن کا مشاہدہ صرف منظور شدہ سولر فلٹرز یا خصوصی حفاظتی چشموں کے ذریعے ہی کریں۔

متعلقہ خبریں