Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نہ ٹکٹ، نہ منزل کا پتا، بکریوں نے گرین بس میں سفر کرکے سب کو حیران کردیا

یہ دلچسپ واقعہ پورٹ لینڈ کے ڈویژن اسٹریٹ بس اسٹیشن پر پیش آیا۔

امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں دو آوارہ بکریاں بس اسٹیشن میں داخل ہونے کے بعد ایک بس پر بھی سوار ہوگئیں جس کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے میں تلاش شروع کردی۔

یہ دلچسپ واقعہ پورٹ لینڈ کے ڈویژن اسٹریٹ بس اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں دو بکریاں اچانک گھومتے ہوئے اسٹیشن پہنچ گئیں اور وہاں موجود افراد کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

مقامی ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ہنگامی نمبر پر دی گئی جس کے بعد حکام نے بکریوں کی موجودگی کا نوٹس لیا۔

بس اسٹیشن کی نگرانی کے لیے نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ میں دیکھا گیا کہ دونوں بکریاں پہلے اسٹیشن میں داخل ہوئیں اور پھر بلا جھجک وہاں کھڑی ایک بس میں بھی چڑھ گئیں۔

 

کچھ دیر بس کے اندر گھومنے کے بعد دونوں بکریاں خود ہی نیچے اتریں اور قریبی خریداری مرکز کی طرف روانہ ہوگئیں۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے میں بکریوں کی تلاش شروع کردی تاہم جب اہلکار موقع پر پہنچے تو دونوں بکریاں وہاں موجود نہیں تھیں اور ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

واقعے کی دلچسپ نوعیت کے باعث مقامی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی بکریوں کے بس میں سوار ہونے پر مزاحیہ انداز میں سوالات اٹھائے۔

ٹرانسپورٹ حکام نے کہا کہ یہ بکریاں کہاں سے آئی تھیں، کہاں جانے کا ارادہ رکھتی تھیں اور سب سے بڑھ کر کیا ان کے پاس سفر کے لیے ٹکٹ موجود تھا؟ ان سوالات کے جوابات شاید کبھی سامنے نہ آسکیں۔

بکریوں کے اچانک بس اسٹیشن پہنچنے اور بس میں سوار ہونے کی ویڈیو نے واقعے کو مزید دلچسپ بنا دیا جب کہ پولیس کی تلاش کے باوجود دونوں بکریاں اپنی منزل کی جانب روانہ ہوکر نظروں سے اوجھل ہوگئیں۔