Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین کا ڈیمیشا بیچ: دنیا کا سب سے پرہجوم ساحل

صرف 1.8 کلومیٹر طویل اس ساحلی پٹی پر بعض مواقع پر تقریباً دو لاکھ افراد کے جمع ہونے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں

چین کے شہر شینزن میں واقع ڈیمیشا بیچ گرمیوں کے دوران غیر معمولی رش کے باعث دنیا کے گنجان ترین ساحلی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ صرف 1.8 کلومیٹر طویل اس ساحلی پٹی پر بعض مواقع پر تقریباً دو لاکھ افراد کے جمع ہونے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔

جنوب مشرقی چین میں واقع یہ مقبول ساحل تعطیلات اور گرم موسم کے دوران سیاحوں اور مقامی افراد سے کھچا کھچ بھر جاتا ہے۔ شدید رش کے باعث بعض اوقات ساحل پر چلنا پھرنا اور سمندر تک پہنچنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

انتظامیہ نے حد سے زیادہ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے حالیہ برسوں میں مئی سے اکتوبر تک روزانہ آنے والے افراد کی تعداد 80 ہزار تک محدود کر دی ہے۔ ساحل پر جانے کے لیے مخصوص دن کی پیشگی ریزرویشن بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔

ڈیمیشا بیچ کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کا آسان رسائی والا مقام ہے۔ ساحل کے قریب میٹرو اسٹیشن موجود ہے جبکہ متعدد بس سروسز بھی یہاں تک پہنچتی ہیں۔ ساحل میں داخلہ مفت ہونے کے باعث یہ مقام مقامی شہریوں اور سیاحوں دونوں میں خاصا مقبول ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہائیوں قبل گم ہونے والی انگوٹھی ساحل سمندر سے دریافت

آن لائن سفری پلیٹ فارمز پر بعض سیاحوں نے شدید رش کے حوالے سے شکایات بھی درج کی ہیں تاہم اس کے باوجود گرمیوں میں ڈیمیشا بیچ کی مقبولیت برقرار رہتی ہے۔ ساحل پر موجود غیر معمولی ہجوم کی تصاویر اور ویڈیوز بھی اکثر سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ یومیہ حد اور ریزرویشن نظام کا مقصد ساحل پر آنے والوں کے تجربے کو بہتر بنانا اور بڑے ہجوم سے پیدا ہونے والے مسائل کو کم کرنا ہے۔