Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری، سرکلر ڈیٹ میں 780 ارب روپے کمی

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہونے سے 193 ارب روپے کا مالی ریلیف حاصل ہوا۔

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی کارکردگی سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 2025 کے دوران پاور سیکٹر میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور مختلف اصلاحاتی اقدامات کے باعث سرکلر ڈیٹ اور نقصانات میں واضح کمی ہوئی ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق سرکلر ڈیٹ میں 780 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اس کا مجموعی حجم کم ہوکر ایک ہزار 614 ارب روپے رہ گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کمی پاور سیکٹر میں اصلاحات اور بہتر مالی نظم و ضبط کا نتیجہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہونے سے 193 ارب روپے کا مالی ریلیف حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ میکرو اکنامک سطح پر بہتری کے باعث بھی پاور سیکٹر پر 300 ارب روپے سے زائد مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

ریکوری ریٹ میں اضافہ، نقصانات میں نمایاں کمی

پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی وصولیوں کی شرح 92.4 فیصد سے بڑھ کر 96.6 فیصد ہوگئی ہے جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔ اسی طرح انڈر ریکوری میں 183 ارب روپے کی کمی ہوئی اور یہ کم ہوکر 132 ارب روپے تک آگئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی) لاسز بھی 18.3 فیصد سے کم ہوکر 17.6 فیصد پر آگئے ہیں جس سے تقریباً 11 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی۔

لوڈشیڈنگ پالیسی اور اصلاحات پر پیش رفت

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ موجودہ لوڈشیڈنگ پالیسی اے ٹی اینڈ سی بنیادوں پر نافذ ہے جو نقصانات اور وصولیوں کی شرح کو مدنظر رکھ کر ترتیب دی گئی ہے۔ حکام نے خبردار کیا کہ اگر اے ٹی اینڈ سی بنیاد پر لوڈشیڈنگ مکمل ختم کردی گئی تو سالانہ تقریباً 500 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑسکتا ہے۔

بیان کے مطابق ٹرانسفارمر لیول پر ٹارگٹڈ لوڈشیڈنگ کے نظام کی جانب پیش رفت جاری ہے تاکہ نقصانات کو مزید کم کیا جاسکے اور بجلی کی فراہمی کو بہتر بنایا جاسکے۔

پاور سیکٹر اصلاحات درست سمت میں گامزن

پاور ڈویژن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات درست سمت میں جارہی ہیں اور ان اقدامات سے مستقبل میں مزید بہتری اور مالی استحکام حاصل ہوگا۔