Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اقتصادی سروے 2025-26: ملک میں پیٹرولیم کھپت 1 کروڑ 36 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی

پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی کھپت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اضافہ ہوا۔

اسلام آباد: اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی کھپت ایک کروڑ 36 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق ٹرانسپورٹ سیکٹر پیٹرولیم مصنوعات کا سب سے بڑا صارف رہا جس کی کھپت میں 6.7 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اس شعبے کا مجموعی طلب میں حصہ 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت ایک کروڑ سے بڑھ کر ایک کروڑ 12 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔

اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ صنعتی شعبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 42.6 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جو 7 لاکھ 54 ہزار میٹرک ٹن سے کم ہوکر 4 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن رہ گئی۔ صنعتی سیکٹر کا مجموعی طلب میں حصہ صرف 3.2 فیصد رہا۔

رپورٹ کے مطابق پاور سیکٹر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 15 فیصد کمی دیکھی گئی جب کہ گھریلو شعبے میں استعمال میں 51 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران 8 ارب 93 کروڑ ڈالر مالیت کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 53 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں۔

جولائی تا مارچ 2026 کے دوران 2 ارب 96 کروڑ ڈالر مالیت کا پیٹرول درآمد کیا گیا جب کہ اسی مدت میں 5 ارب ڈالر کا خام تیل بیرون ملک سے منگوایا گیا۔ اس کے علاوہ 74 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کا ڈیزل اور 13 کروڑ 83 لاکھ ڈالر مالیت کا ہائی اوکٹین بھی درآمد کیا گیا۔

سروے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ شعبے میں طلب میں اضافہ جب کہ صنعتی اور گھریلو شعبوں میں واضح کمی دیکھی گئی جس سے یہ رجحان ظاہر ہوتا ہے کہ معیشت میں ٹرانسپورٹ سرگرمیوں کا کردار بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 9 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا ہے جب کہ ملک کا درآمدی انحصار بدستور برقرار ہے۔