Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ثناء یوسف قتل کیس؛ عدالت کا تفصیلی فیصلہ جاری

ملزم کسی بھی نرمی کا مستحق نہیں، عدالت

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ثناء یوسف قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

ستائیس صفحات پر مشتمل فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ نے دو چشم دید گواہوں کی شکل میں ملزم کے خلاف بھر پور شواہد پیش کیے، ملزم کے فنگر پرنٹ بھی مقتولہ کے گھر سے ملے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم سے استعمال ہونے والی گاڑی اور پستول بھی ریکور ہوئی، ملزم نے ملاقات نہ کرنے پر 17 سالہ معصوم لڑکی کا قتل کیا، ملاقات نہ کرنے کے علاوہ قتل کا کوئی اور محرک نہیں تھا۔

فیصلے کے مطابق ملزم کسی بھی نرمی کا مستحق نہیں لہذا عدالت ملزم عمر حیات کو دفعہ 302 کے تحت موت کی سزا سناتی ہے اور ملزم پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں مزید کہا کہ ملزم کو پی پی سی کی دفعہ 392 کے تحت دس سال قید اور 2 لاکھ جرمانے، پی پی سی کی دفعہ 499 کے تحت 10 سال قید اور دو لاکھ جرمانے اور پی پی سی کی دفعہ 411 کے تحت ایک سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔