Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پمز سانحہ؛ نومولود بچوں کی اموات پر وفاقی آئینی عدالت سے ازخود نوٹس کی درخواست

درخواست میں 14 نومولود بچوں کی اموات پر ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا

لاہور: پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نوزائیدہ بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر وفاقی آئینی عدالت سے ازخود نوٹس لینے کی درخواست دائر کردی گئی۔

قانون دان عبداللہ ملک نے وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کو مفاد عامہ کی درخواست ارسال کی جس میں سانحے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پمز میں معصوم نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت نے پوری قوم کو صدمے سے دوچار کردیا ہے۔ علاج کے لیے اسپتال میں موجود بچوں کا محفوظ مقام پر اپنی جان سے ہاتھ دھونا بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اسپتال میں فائر سیفٹی سسٹم، ہنگامی آلات اور نوزائیدہ بچوں کے تحفظ کے انتظامات کا مؤثر نہ ہونا سنگین غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔

عبداللہ ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ سانحے کی شفاف اور جامع تحقیقات کرائی جائیں اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں پمز سمیت ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں اور آئی سی یو وارڈز کا فوری سیفٹی آڈٹ کرانے اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کی صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی کے باعث 14 نومولود بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نرسری میں صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔

اسپتال حکام کے مطابق واقعے کے وقت نرسری میں 15 بچے موجود تھے جن میں سے ایک بچے کو لیڈی ڈاکٹر نے بحفاظت نکال لیا جبکہ 14 نومولود جاں بحق ہوگئے۔

متعلقہ خبریں