Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہانیہ عامر کا بڑا فلاحی اقدام؛ اسپتال میں نیا وارڈ عطیہ کردیا

ہانیہ عامر نے اسپتال کے مریضوں کے لیے بڑا تحفہ دے دیا

پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر اپنے فلاحی اور سماجی جذبے کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

اداکارہ نے معروف گلوکار اور سماجی کارکن ابرار الحق کی فلاحی تنظیم سہارا لائف ٹرسٹ کے زیر انتظام اسپتال کے لیے ایک مکمل نیا وارڈ عطیہ کیا ہے۔

سہارا لائف ٹرسٹ کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ہانیہ عامر نے یہ وارڈ فریال نگہت کے نام سے منسوب کیا ہے۔ تنظیم نے اداکارہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے ایک قابلِ قدر قدم قرار دیا۔

ہانیہ عامر کے اس خیراتی اقدام کو سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ متعدد صارفین نے اداکارہ کے جذبۂ خدمت کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ ہانیہ عامر کا یہ قدم قابلِ تحسین ہے جبکہ ایک اور صارف نے انہیں “خوبصورت دل رکھنے والی شخصیت” قرار دیا۔

مداحوں نے اداکارہ کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔