پاکستان کی موسیقی کی دنیا کے معروف نام اور نامور موسیقار طافو خان کے صاحبزادے گلوکار طارق طافو انتقال کرگئے۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سے شوبز اور موسیقی کے حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق گلوکار طارق طافو کو پیٹ میں شدید درد کی شکایت ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔
طارق طافو پاکستان کے معروف گلوکاروں میں شمار ہوتے تھے اور اپنے مقبول گیت ’’لاہور لاہور اے‘‘ کی بدولت نہ صرف ملک بھر بلکہ دنیا بھر میں شہرت رکھتے تھے۔
ان کے اس گانے نے انہیں عوام میں منفرد شناخت دلائی اور موسیقی کے شائقین کے دلوں میں خاص مقام بخشا۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات، فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مختلف حلقوں نے مرحوم کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
طارق طافو کے انتقال کو پاکستانی موسیقی کی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے جب کہ ان کے گائے ہوئے گیت اور فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔















