پاکستانی ڈرامے گزشتہ چند برسوں سے نہ صرف ملک بلکہ بھارت سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں بھی غیرمعمولی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔
مضبوط کہانی، جاندار کردار، معیاری اداکاری اور خاندانی اقدار پر مبنی موضوعات نے پاکستانی ڈراموں کو بھارتی ناظرین کی بھی پہلی پسند بنا دیا ہے۔
بھارتی اداکارہ اور ماڈل شہناز گل نے بھی ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامے محبت اور رشتوں کو انتہائی خوبصورت اور حقیقت سے قریب انداز میں پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں رومانوی جذبات کے اظہار کے لیے غیر ضروری جسمانی قربت کے بجائے اداکاری، مکالموں اور کرداروں کے جذبات کو اہمیت دی جاتی ہے جس سے کہانی زیادہ مؤثر اور حقیقت کے قریب محسوس ہوتی ہے۔
View this post on Instagram
شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں کو رومانوی کہانیوں کے حوالے سے بے مثال قرار دیتے ہوئے اپنے پسندیدہ ڈراموں میں “میری زندگی ہے تو” اور ” کبھی میں کبھی تم” کا ذکر کیا۔
بھارتی اداکارہ نے پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو بھی سراہا اور ہانیہ عامر، بلال عباس خان اور فہد مصطفیٰ کی اداکاری کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی ڈراموں کا کوئی مقابلہ نہیں، وہ اس وقت معیار کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہیں۔
شہناز گل کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا۔
متعدد صارفین نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے اپنی منفرد کہانیوں، مضبوط اسکرپٹ اور شاندار پرفارمنس کی بدولت سرحدوں سے بالاتر ہو کر ناظرین کے دل جیت رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستانی ڈرامے بھارت میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے غیرمعمولی مقبول ہوئے ہیں جہاں لاکھوں بھارتی ناظرین باقاعدگی سے نئے پاکستانی ڈرامہ دیکھتے اور ان پر اپنی آرا کا اظہار کرتے ہیں۔

















