Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈرامہ سیٹس پر فلرٹنگ ہونی چاہیے یا نہیں؟ صباحت بخاری نے اپنی رائے دے دی

’حدود میں رہ کر کی جانے والی فلرٹنگ ماحول خوشگوار بناتی ہے‘

پاکستان کی سینئر اداکارہ صباحت بخاری نے کہا ہے کہ اگر ڈرامہ سیٹس پر حدود و آداب کا خیال رکھتے ہوئے مثبت انداز میں فلرٹنگ کی جائے تو اس سے کام کا ماحول خوشگوار رہتا ہے اور فنکاروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے۔

حال ہی میں صباحت بخاری نے اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری، شوٹنگ کے ماحول اور ساتھی فنکاروں کے ساتھ تعلقات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران احمد علی بٹ نے ان سے پوچھا کہ کیا کبھی کسی نے آپ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی یا آپ پر ڈورے ڈالنے کی کوشش کی؟

اس سوال کے جواب میں صباحت بخاری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کئی مرتبہ ساتھی فنکاروں کی جانب سے تعریف اور پسندیدگی کا اظہار ملا جسے میں ایک مثبت بات سمجھتی ہوں۔ باوقار اور مہذب انداز میں کی جانے والی فلرٹنگ کام کے ماحول کو خوشگوار بنانے میں مدد دیتی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران دوستانہ اور مثبت فضا فنکاروں کی کارکردگی پر اچھا اثر ڈالتی ہے، ایک دوسرے کے ساتھ اعتماد اور ہم آہنگی بڑھاتی ہے جبکہ یہی قربت اسکرین پر کرداروں کی کیمسٹری کو بھی بہتر بناتی ہے۔

صباحت بخاری نے مزید کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات پر ہوتی ہے جب لوگ مجھے مثبت سوچ رکھنے والی شخصیت قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں خود فلرٹ کرنے کی عادی نہیں، البتہ اگر کسی ساتھی اداکار یا کسی بھی شخص کی کوئی اچھی بات محسوس ہو تو اس کی دل کھول کر تعریف ضرور کرتی ہوں۔