Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جسم کے دفاعی نظام نے کینسر کو شکست دینے کا نیا طریقہ دریافت کرلیا

مستقبل میں اس موذی مرض کے علاج کے نئے راستے کھلنے کی امید پیدا ہوگئی۔

سائنس دانوں نے کینسر کے خلاف جسم کے قدرتی دفاعی نظام سے متعلق ایک اہم دریافت کی ہے جس سے مستقبل میں اس موذی مرض کے علاج کے نئے راستے کھلنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

تحقیق کے مطابق کینسر کے خلیے اکثر جسم کے دفاعی نظام سے بچنے کے لیے اپنی شناخت چھپا لیتے ہیں جس کے باعث وہ ان دفاعی خلیات کی نظروں سے اوجھل رہتے ہیں جو عموماً بیمار یا غیر معمولی خلیات کو ختم کرنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

تاہم نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جب کینسر کے خلیے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ دفاعی نظام کے ایک دوسرے گروہ کے لیے زیادہ آسان ہدف بن جاتے ہیں۔

یہ خلیے پہلے صرف معاون کردار کے حامل سمجھے جاتے تھے لیکن اب ان کی بیماری کے خلاف صلاحیت زیادہ اہم ثابت ہوئی ہے۔

امریکا کے ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں تجرباتی جانوروں اور مریضوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا جس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ شناخت چھپانے والے کینسر کے خلیات کو جسم کے مخصوص دفاعی خلیے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ یہ عمل ایک ایسے حیاتیاتی طریقہ کار کے ذریعے انجام پاتا ہے جس میں خلیات کو منظم انداز میں ختم کیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہی طریقہ بعض دیگر بیماریوں اور اعضا کی پیوندکاری کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو سمجھنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔

تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ مطالعات میں ان نتائج کی مزید تصدیق ہوجاتی ہے تو کینسر کے علاج میں جسم کے قدرتی دفاعی نظام کو زیادہ مؤثر بنانے کی نئی حکمت عملیاں تیار کی جاسکیں گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت اس تصور کو چیلنج کرتی ہے جو کئی دہائیوں سے رائج تھا اور مستقبل میں نہ صرف کینسر بلکہ دیگر مدافعتی بیماریوں کے علاج میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں