Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا فروزن اور محفوظ ڈبوں میں بند پھل و سبزیاں تازہ جتنی فائدہ مند ہیں؟

ماہرین کے مطابق پھل اور سبزیاں جسم کو ضروری غذائی اجزا، معدنیات اور ریشے فراہم کرتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق تازہ پھل اور سبزیوں کے ساتھ محفوظ ڈبوں یا فروزن حالت میں دستیاب غذائیں بھی صحت کے لیے مفید ہوسکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق پھل اور سبزیاں جسم کو ضروری غذائی اجزا، معدنیات اور ریشے فراہم کرتی ہیں جو دل کی بیماریوں اور بعض اقسام کے سرطان سمیت کئی امراض سے تحفظ میں مدد دیتے ہیں۔

تحقیقی جائزوں سے معلوم ہوا ہے کہ محفوظ ڈبوں یا فروزن شکل میں موجود بیشتر پھل اور سبزیاں اپنی غذائیت برقرار رکھتی ہیں۔ بعض صورتوں میں ان میں موجود غذائی اجزا ایک ہفتے تک محفوظ رکھے گئے تازہ پھلوں اور سبزیوں کے برابر ہوتے ہیں جب کہ کچھ غذاؤں میں غذائیت مزید بہتر بھی ہوسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فروزن غذائیں زیادہ عرصے تک خراب نہیں ہوتیں، ہر موسم میں دستیاب رہتی ہیں اور ضائع ہونے کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں جب کہ پہلے سے تیار ہونے کی وجہ سے انہیں پکانے میں وقت بھی کم لگتا ہے۔

البتہ محفوظ ڈبوں میں بند سبزیوں کا انتخاب کرتے وقت احتیاط ضروری ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ کم نمک والی یا بغیر اضافی نمک کی مصنوعات کو ترجیح دی جائے اور استعمال سے پہلے انہیں پانی سے اچھی طرح دھولیا جائے تاکہ نمک کی مقدار کم ہوسکے۔

اسی طرح محفوظ ڈبوں میں بند پھل خریدتے وقت ایسے پھل منتخب کرنے کی سفارش کی گئی ہے جو شیرے کے بجائے اپنے قدرتی رس میں محفوظ کیے گئے ہوں یا جن میں اضافی چینی شامل نہ کی گئی ہو۔

ماہرین کے مطابق محفوظ ڈبوں میں بند دالیں اور پھلیاں بھی روزمرہ غذا کا مفید حصہ بن سکتی ہیں کیونکہ ان میں ریشہ اور غذائیت وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ خشک کیے گئے پھلوں میں قدرتی چینی کی مقدار نسبتاً زیادہ مرتکز ہوجاتی ہے، اس لیے انہیں روزانہ استعمال کرنے کے بجائے کبھی کبھار بطور ہلکی غذا کھانا زیادہ مناسب ہے۔

مجموعی طور پر ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تازہ پھل اور سبزیاں دستیاب نہ ہوں تو محفوظ ڈبوں یا فروزن شکل میں موجود غذائیں صحت مند خوراک کا بہتر متبادل ثابت ہوسکتی ہیں۔