Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صرف ایک گھنٹے میں منہ کے کینسر کی تشخیص ممکن ہوگئی

اس طریقے میں منہ کے مشتبہ حصے سے نرم برش کی مدد سے نمونہ لیا جاتا ہے۔

برطانیہ کے ماہرین نے ایسا نیا اور بغیر چیرا لگائے کیا جانے والا معائنہ تیار کرلیا ہے جو صرف ایک گھنٹے میں منہ کے کینسر کی نشاندہی کرسکتا ہے۔

برطانیہ کی ایک جامعہ کی سربراہی میں ہونے والی نئی تحقیق میں منہ کے کینسر کی تشخیص کے لیے ایسا نیا طریقہ کامیاب قرار دیا گیا ہے جس کے ذریعے صرف ایک گھنٹے میں بیماری کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔

یہ تحقیق سائنسی جریدے میں شائع ہوئی جس میں بتایا گیا کہ اس طریقے میں منہ کے مشتبہ حصے سے نرم برش کی مدد سے نمونہ لیا جاتا ہے جس کے لیے چیرا لگانے یا گوشت کا ٹکڑا نکالنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

ماہرین کے مطابق موجودہ طریقۂ کار میں اکثر مریضوں کو جراحی کے ذریعے نمونہ لینا پڑتا ہے جو تکلیف دہ ہونے کے ساتھ انفیکشن اور دیگر پیچیدگیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے جب کہ زیادہ تر مریضوں میں کینسر موجود نہیں ہوتا۔

اس تحقیق میں 545 مریضوں سے حاصل کیے گئے ایک ہزار سے زائد نمونوں کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ نیا طریقہ منہ کے کینسر کی درست تشخیص کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کم خطرے والے 90 فیصد سے زیادہ مریضوں کو غیر ضروری جراحی سے بچاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ منہ کے کینسر میں بروقت تشخیص انتہائی اہم ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے بہت سے مریضوں میں بیماری اس وقت سامنے آتی ہے جب وہ آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہوتی ہے۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق اس نئے طریقے کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ اسے بار بار دہرایا جاسکتا ہے جس سے ایسے مریضوں کی مسلسل نگرانی ممکن ہوگی جن میں مستقبل میں کینسر پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہو۔

اس طرح بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور بروقت علاج کے امکانات مزید بڑھ جائیں گے۔