Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جلد کو سانولا کرنے والے انجکشن کا بڑھتا رجحان، ماہرین نے سنگین خطرات سے آگاہ کردیا

سوشل میڈیا پر بعض افراد اس انجیکشن کے استعمال کی حوصلہ افزائی بھی کررہے ہیں۔

ماہرینِ نے جلد کو سانولا کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ایک غیر قانونی انجکشن کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔

ماہرین جلد کے مطابق یہ دوا کئی ممالک میں خوبصورتی کے مقصد کے لیے ممنوع ہے تاہم اس کے باوجود اسے انجکشن اور ناک کے ذریعے استعمال ہونے والی دوا کی شکل میں آن لائن فروخت کیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر بعض افراد اس کے استعمال کی حوصلہ افزائی بھی کررہے ہیں جب کہ اس کے ممکنہ نقصانات کا ذکر نہیں کیا جاتا۔

تحقیق کے مطابق یہ دوا جلد کے رنگ بنانے والے خلیوں کو زیادہ متحرک کردیتی ہے جس کے نتیجے میں جلد کا رنگ سانولا ہوجاتا ہے۔

تاہم یہی عمل جلد پر موجود تلوں کو گہرا کرنے یا نئے تل بننے کا سبب بھی بن سکتا ہے جس سے ماہرین کے لیے جلد کے خطرناک کینسر کی بروقت شناخت کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس دوا کے استعمال سے متلی، شدید جسمانی پیچیدگیاں اور دیگر مضر اثرات بھی سامنے آسکتے ہیں۔ ایک طبی رپورٹ میں ایسے شخص کا بھی ذکر کیا گیا جسے دوا استعمال کرنے کے بعد شدید طبی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا اور اسے ہنگامی طبی امداد دینا پڑی۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بہت سے افراد یہ سمجھتے ہیں کہ جلد سانولی ہونے کے بعد سورج کی مضر شعاعوں سے نقصان کا خطرہ کم ہوجاتا ہے لیکن ماہرین کے مطابق یہ تصور غلط ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ دوا نہ تو جلد کو سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رکھتی ہے اور نہ ہی جلد کے کینسر سے بچاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس دوا کے تمام خطرات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاہم موجودہ شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ غیر منظور شدہ ادویات کا استعمال صحت کے لیے سنگین مسائل پیدا کرسکتا ہے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ جلد کی حفاظت کے لیے صرف محفوظ اور طبی طور پر منظور شدہ طریقوں پر ہی انحصار کیا جائے۔