Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ

جون 2026 میں 127 نمونے حاصل کیے گئے جن میں سے 117 نمونے پولیو وائرس سے منفی قرار پائے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے کہا ہے کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ملک میں پولیو وائرس کی موجودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران پولیو وائرس کے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد گزشتہ سال کے 369 کے مقابلے میں کم ہوکر 100 رہ گئی جو انسدادِ پولیو اقدامات کی کامیابی کی عکاسی کرتی ہے۔

این ای او سی نے بتایا کہ جون 2026 کے دوران ملک بھر سے پولیو وائرس کی نگرانی کے لیے 127 ماحولیاتی نمونے حاصل کیے گئے جن میں سے 117 نمونے پولیو وائرس سے منفی قرار پائے جب کہ صرف 10 نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

صوبہ پنجاب سے حاصل کیے گئے تمام 31 ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک قرار دیے گئے جب کہ سندھ میں 29 میں سے 28، خیبر پختونخوا میں 34 میں سے 30 اور بلوچستان میں 23 میں سے 18 نمونے پولیو وائرس سے منفی رہے۔

این ای او سی کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے دوران اب تک پاکستان میں پولیو کے صرف 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے ماحولیاتی نگرانی، ویکسینیشن کوریج اور بچوں تک رسائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔

ادارے نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی اور پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔

این ای او سی نے والدین، کمیونٹی رہنماؤں، علمائے کرام اور ڈاکٹرز سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے خاتمے کے قومی مشن میں بھرپور کردار ادا کریں جب کہ پولیو ورکرز کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے عوام سے کہا گیا ہے کہ انہیں عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہیں۔