Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ماہرین نے موبائل فون کم استعمال کرنے کا آسان طریقہ بتادیا

اگر آپ موبائل کم استعمال کرنا چاہتے ہیں تو دوسروں کا دیا ہوا ہدف اپنانے کے بجائے اپنا ہدف خود مقرر کریں

دنیا کی بڑی تعداد دن کا زیادہ تر وقت موبائل فون استعمال کرتے ہوئے گرازتی ہے ایک عام شخص تقریباً 6 گھنٹے روزانہ فون کو استعمال کرتا اور ہر گھنٹے میں تقریباً دو بار فون کھولتا ہے۔

ماہرین یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ فون کا زیادہ استعمال کیسے کم کیا جائے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق اس کا ایک بہت آسان طریقہ یہ ہے کہ انسان اپنا ہدف خود مقرر کرے۔

بھارت اور اسپین کے محققین نے 149 افراد پر 35 دن تک تحقیق کی۔ انہیں تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔

55 افراد نے خود فیصلہ کیا کہ وہ فون کا استعمال 10، 20 یا 30 فیصد کم کریں گے۔ 62 افراد کو محققین نے 14 فیصد کمی کا ہدف دیا جبکہ 32 افراد کو کوئی ہدف نہیں دیا گیا، صرف ان کے فون کے استعمال کو ریکارڈ کیا گیا۔

جن لوگوں نے اپنا ہدف خود مقرر کیا انہوں نے سب سے بہتر نتائج حاصل کیے۔ انہوں نے روزانہ اوسطاً 49 منٹ کم فون استعمال کیا۔

جن لوگوں کو ہدف خود نہیں دیا گیا بلکہ محققین نے ہدف مقرر کیا تھا، ان کے فون کے استعمال میں روزانہ تقریباً 23 منٹ کی کمی ہوئی۔

اپنا ہدف خود مقرر کرنے والے افراد روزانہ اپنے ہدف کو حاصل کرنے میں بھی 11 فیصد زیادہ کامیاب رہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تحقیق ختم ہونے کے بعد بھی فون کا استعمال پہلے کے مقابلے میں کم رہا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اپنی مرضی سے ہدف مقرر کرنا عادت بدلنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل ڈیٹا اور بیلنس خاموشی سے ختم کرنے والی خفیہ سبسکرپشنز چیک کرنے کا آسان طریقہ

تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ فون کا استعمال کم کرنے والے بعض افراد کی ذہنی کیفیت اور عمومی خوش حالی میں بہتری آئی، لیکن اس نتیجے کو ابھی احتیاط سے دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس حصے میں صرف 93 افراد شامل تھے۔

اگر آپ موبائل کم استعمال کرنا چاہتے ہیں تو دوسروں کا دیا ہوا ہدف اپنانے کے بجائے اپنا ہدف خود مقرر کریں۔

مثلاً اگر آپ روزانہ 6 گھنٹے فون استعمال کرتے ہیں تو فوراً 3 گھنٹے کا ہدف رکھنے کے بجائے خود فیصلہ کریں کہ “میں اگلے ہفتے روزانہ 30 یا 45 منٹ کم فون استعمال کروں گا۔”

تحقیق کے مطابق اپنی مرضی سے مقرر کیا گیا ہدف انسان کو زیادہ پابندی سے عمل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

البتہ یہ تحقیق صرف 149 افراد پر اور محدود مدت کے لیے کی گئی تھی نتائج کی مزید تصدیق کے لیے بڑے پیمانے پر تحقیق کی ضرورت ہے۔