پاکستان کی پہلی الیکٹرک بائیک ‘جولٹا الیکٹرک’ متعارف کروانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحول کوآلودگی سے بچانے کیلئے الیکٹرک گاڑیاں لانی ہوں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے ہمیشہ آگے کا سوچا ہے ، ٹیکس نہ دینے کی بڑی وجہ بداعتمادی ہے، لوگوں کویقین نہیں کہ ٹیکس ان پراستعمال ہوگا جبکہ ٹیکس دہندگان کااعتماد بحال ہونے سےٹیکس میں اضافہ ہوگا۔
ٹیکس میں اضافے سے ملک اپنے پاؤں پرکھڑا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم فضول خرچی کم کررہے ہیں، ہمارے ذہنوں میں غلامی ہے کہ قرضوں کے بغیرملک نہیں چلے گا۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے آؤ توپہلا سوال یہی ہوتا ہے کتنی امداد ملی ہے ، بھیک مانگ کر پیسے لے کرآنے کو کامیاب دورہ تصورکیا جاتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ذہنی غلامی سے باہرنکلنا ہوگا ، یہ سوچ تبدیل کرنا ہوگی کہ ایڈ نہیں ہوگا تو ملک نہیں چلے گا۔
بیساکھیوں سے چلنے والے کبھی طاقت ورنہیں ہوسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کیلئے تیسرے راستے پرنکل چکا ہے ، یقین ہے اپنے پیروں پرکھڑے ہوکر مسائل حل کرینگے تو مضبوط ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم ملک بننےجارہا ہے، ہمیں دولت میں اضافے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری معیشت تیزی سے اوپرجارہی ہے ، جب بھی مشکل وقت آیا قوم نے خود اپنے لوگوں کی مدد کی ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ سالوں میں وزیراعظم ہاؤس کے108 کروڑ روپے بچائے ہیں ، ہم نے آسان راستہ بنایا اورچیزیں امپورٹ کی ہیں جبکہ پاکستان میں جوخام مال ہے اسے استعمال کرنے کا کبھی کسی نے سوچا ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہورمیں ماحولیاتی آلودگی سے شہریوں کوخطرہ ہے، شہروں کوپھیلنے سےروکنے کیلئےماسٹرپلان بنارہےہیں۔
کراچی میں سمندرمیں سیوریج کاپانی جارہا ہے جبکہ اسلام آباد مری تک پھیل رہا ہے اور سبزہ ختم ہورہا ہے۔
معاشی ترقی کیلئے طویل المدتی منصوبہ ضروری ہے ، ہم درخت لگا رہےاورنیشنل پارکس بھی بنارہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں دولت میں اضافے کیلئےاقدامات کرنے ہوں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News