Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہیتھرو ایئرپورٹ پر تاریخی لمحہ، پی آئی اے کا 7 دہائیوں پرانا رشتہ پھر جڑ گیا

آج ایک پرانا دوست دوبارہ واپس آ گیا ہے، ترجمان ہیتھرو ایئرپورٹ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 785 چھ سال بعد لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی جہاں اس کا پرتپاک اور یادگار استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر برطانیہ میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے پرواز کا خیرمقدم کیا۔ ہیتھرو ایئرپورٹ کو پاکستان اور برطانیہ کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا، جس نے اس تاریخی لمحے کو مزید خاص بنا دیا۔

تقریب کے دوران ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا اور اس تاریخی بحالی کو خوشی کے ساتھ منایا گیا۔

خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ پی آئی اے کی یہ پرواز دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے صرف ایک ایئرلائن نہیں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے دل کی آواز ہے اور اس کا تسلسل کے ساتھ چلنا نہایت ضروری ہے۔

دوسری جانب ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے ساتھ ان کا سات دہائیوں پر محیط تعلق ہے، اور آج ایک پرانا دوست دوبارہ واپس آ گیا ہے، جسے وہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں