Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین کاپاکستان کی خودمختاری،علاقائی سالمیت، قومی سلامتی کےلیےمستقل حمایت کااعادہ، مشترکہ اعلامیہ

دونوں ممالک نے تعلیم، ثقافت، خلائی تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی سلامتی کےلیے مستقل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ  کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیرِاعظم لی چیانگ کی دعوت پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے 23 مئی سے 26 مئی 2026 تک چین کا سرکاری دورہ کیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی چین کے وزیرِاعظم لی چیانگ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ مذاکرات کیے دونوں فریقین نے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی اور چین و پاکستان کی ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر اتفاق کیا، وزیرِاعظم نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور صوبہ ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کا بھی کامیاب دورہ کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کی دہائیوں پر محیط دوستی دونوں ممالک کا قیمتی اثاثہ اور اسٹریٹجک سرمایہ ہےجو بدلتے ہوئے بین الاقوامی اور علاقائی حالات کے باوجود فولادی ثابت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انہوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔

پاکستان نے ایک چین پالیسی سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، جبکہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ صنعتی پارکس، ٹیکسٹائل، گھریلو آلات، معدنیات، تیل و گیس اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ توانائی، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور مواصلاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔

چین نے پاکستانی زرعی مصنوعات کی چینی منڈی تک رسائی آسان بنانے کا اعلان کیا، جبکہ 2025 سے 2029 کے دوران پاکستان کے لیے 3000 تربیتی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

دونوں ممالک نے تعلیم، ثقافت، خلائی تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ چین نے دو پاکستانی خلابازوں کی تربیت کا خیرمقدم کیا اور مستقبل میں ایک پاکستانی خلاباز کو چینی خلائی اسٹیشن بھیجنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں