Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عیدالاضحیٰ؛ فیلڈ مارشل ، نیول چیف اور ایئر چیف کی قوم کو دلی مبارکباد

عیدالاضحیٰ قربانی، ایمان اور اتحاد کا عظیم درس دیتی ہے، مسلح افواج

راولپنڈی: عیدالاضحیٰ کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج نے عید کے اس پرمسرت موقع پر شہداء پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت بھی پیش کیا ہے۔

مسلح افواج کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ قربانی، ایمان اور اتحاد کا عظیم درس دیتی ہے جو امت مسلمہ کے درمیان بھائی چارے اور ایثار کے جذبے کو مضبوط کرتی ہے۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنایا جائے گا۔ ملک کے امن، استحکام اور قومی سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

افواجِ پاکستان نے شہداء کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں قوم کی طاقت اور فخر ہیں جو پاکستان کے مضبوط مستقبل کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔

عید کے موقع پر مسلح افواج نے قوم کے اتحاد، بھائی چارے اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افواجِ پاکستان ملکی دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں برتیں گی، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔

متعلقہ خبریں