عید کے تیسرے روز عوام کے لیے خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس سے ملک بھر میں عوام کو فوری ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا وعدہ تھا کہ جیسے ہی مالی گنجائش پیدا ہوگی عوام کو براہِ راست ریلیف دیا جائے گا، اور آج اسی وعدے پر عمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی پالیسی کے تحت گزشتہ ہفتے بھی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
حکومتی مؤقف کے مطابق سخت معاشی حالات اور عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیورز کے لیے فیول سبسڈی برقرار رکھی۔
مزید کہا گیا ہے کہ ماضی میں عالمی تیل بحران کے دوران بھی پاکستان میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے اور خطے کے دیگر ممالک کے برعکس ملک میں فیول کی فراہمی مسلسل جاری رہی۔
حکام کے مطابق یہ پالیسی آئندہ بھی عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری رکھی جائے گی۔
















