Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی لاکھوں کھالیں، مجموعی مالیت کتنی ہوگی؟

ملک بھر سے 74 لاکھ 70 ہزار سے زائد قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع ہونے کا تخمینہ لگایا گیا

عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر ملک بھر سے 74 لاکھ 70 ہزار سے زائد قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ ان کھالوں کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ارب 67 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال 27 لاکھ 50 ہزار گائے کی کھالیں جمع ہونے کا امکان ہے جن کی اوسط قیمت 2200 روپے فی کھال مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح 42 لاکھ بکریوں کی کھالیں وصول ہونے کی توقع ہے جو مجموعی تعداد میں سب سے بڑا حصہ ہوں گی۔ بکری کی فی کھال اوسط قیمت 600 روپے رکھی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے اندازوں کے مطابق 5 لاکھ بھیڑوں کی کھالیں جمع ہونے کا امکان ہے جبکہ فی کھال اوسط قیمت 100 روپے تک متوقع ہے۔

علاوہ ازیں 25 ہزار اونٹوں کی کھالیں بھی حاصل ہونے کی توقع ہے جن کی اوسط قیمت 2000 روپے فی کھال ہوگی۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی کھالیں چمڑا سازی کی صنعت کے لیے ایک اہم خام مال کی حیثیت رکھتی ہیں اور عیدالاضحیٰ کے دوران کھالوں کی خرید و فروخت سے اربوں روپے کی معاشی سرگرمی جنم لیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق قربانی کی کھالوں کا شعبہ ملکی چمڑا صنعت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے وابستہ ہزاروں افراد کے روزگار میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں