نئے اسلامی سال کے آغاز یعنی محرم الحرام کے چاند سے متعلق ماہرین فلکیات نے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان میں یکم محرم 17 جون 2026 کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا تاہم اسی دن غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر ملک کے مختلف حصوں میں 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔
کونسل کے سیکریٹری جنرل مفتی خالد اعجاز کے مطابق رویت ہلال کے لیے عموماً یہ سمجھا جاتا ہے کہ چاند کی عمر کم از کم 18 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے تاکہ اسے واضح طور پر دیکھا جا سکے۔
اسی بنیاد پر ماہرین کا کہنا ہے کہ 16 جون کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں لہٰذا زیادہ امکان یہی ہے کہ پاکستان میں اسلامی سال 1448 ہجری کا آغاز یعنی یکم محرم 17 جون 2026 کو ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ حتمی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس اور عملی مشاہدے کے بعد کیا جائے گا تاہم ابتدائی فلکیاتی حسابات نے ممکنہ تاریخ واضح کر دی ہے۔




















