اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایک اہم پیغام ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای تک پہنچائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے اہم دورے پر تہران روانہ ہوگئے ہیں جب کہ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای تک پہنچائیں گے۔
دورہ ایران سے قبل وزیر داخلہ نے ملکی سیاسی اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے تفصیلی مشاورت کی۔ ملاقاتوں میں خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کے سفارتی روابط سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی محسن نقوی کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی ہیں۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو مذاکراتی عمل اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے ایرانی قیادت کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی۔



















