Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایوان صدر میں اہم بیٹھک ختم، بجٹ معاملات پر حکومت اور پیپلزپارٹی قریب آگئے

پیپلزپارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا

وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان ایوان صدر میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی اہم ملاقات ختم ہوگئی جس میں بجٹ تجاویز، عوامی ریلیف، قومی سلامتی اور سیاسی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت اور پیپلزپارٹی نے ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے اصولی اتفاق کیا جبکہ بعض قابلِ عمل نکات پر مزید مشاورت کے لیے تکنیکی کمیٹیوں کو کام جاری رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت کو مثبت اشارہ دے دیا ہے۔

ملاقات میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، آئندہ مالی سال کے بجٹ، گلگت بلتستان انتخابات، آزاد کشمیر کی صورتحال، امن و امان اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا جبکہ کم از کم ماہانہ اجرت 60 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ پیپلزپارٹی کا مؤقف تھا کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن میں نمایاں اضافہ ناگزیر ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی اہداف اور عوامی ریلیف کو متوازن انداز میں آگے بڑھایا جائے۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ  اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ  محسن نقوی، وزیرِ قانون  اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات شریک ہوئیں۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے  بلاول بھٹو زرداری، مراد علی شاہ، شیری رحمان ، نوید قمر، سلیم مانڈوی والا اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد بھی دی جبکہ دونوں جانب سے بجٹ معاملات پر رابطے برقرار رکھنے اور اتفاقِ رائے کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ خبریں