مظفرآباد: حکومت آزاد کشمیر نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چار رہنماؤں کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والوں کے لیے انعام کا اعلان کردیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق شوکت نواز میر کی گرفتاری پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح عمر نذیر کشمیری، سردار امان خان اور خواجہ مہران ارشد کی گرفتاری میں معاونت کرنے والوں کے لیے بھی ایک ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
حکام نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اطلاع دینے والے کی شناخت کو سختی سے صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
آزاد کشمیر کے محکمہ داخلہ نے انسپیکٹر جنرل آف پولیس کو انعامی اسکیم پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششوں کو مربوط کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر اور خواجہ مہران کی ایک آڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی تھی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے سیکیورٹی سے متعلق ایک سنگین معاملہ قرار دیا تھا۔
مبینہ طور پر ریکارڈنگ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے منسوب آوازوں کو راولاکوٹ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے اور خطے میں بدامنی سے منسلک منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے سنا گیا تھا ہے۔



















