Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجٹ 2026-27، ایف بی آر کو 15 ہزار 264 ارب روپے ٹیکس وصولیوں کا ہدف مقرر

بالواسطہ ٹیکسوں سے 7 ہزار 651 ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے

وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیوں کا مجموعی ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے مقرر کر دیا ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت نے براہِ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کی مد میں محصولات میں نمایاں اضافے کا منصوبہ بنایا ہے۔

دستاویزات کے مطابق براہِ راست ٹیکسوں سے 7 ہزار 613 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ صرف انکم ٹیکس کی مد میں 7 ہزار 480 ارب روپے جمع کیے جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اسی طرح کیپیٹل ویلیو ٹیکس سے 26 ارب 50 کروڑ روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ورکرز ویلفیئر فنڈ سے 22 ارب 30 کروڑ روپے اور ورکرز پرافٹ پارٹیسپیشن فنڈ سے 83 ارب 60 کروڑ روپے وصول ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق بالواسطہ ٹیکسوں سے 7 ہزار 651 ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سیلز ٹیکس سب سے بڑا ذریعہ ہوگا۔

سیلز ٹیکس کی مد میں 4 ہزار 927 ارب روپے جبکہ کسٹمز ڈیوٹی سے ایک ہزار 651 ارب روپے وصول کیے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیاں ایک ہزار 73 ارب روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

دستاویزات کے مطابق موبائل ہینڈ سیٹ لیوی سے 41 ارب 60 کروڑ روپے آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن فیس سے 27 ارب 50 کروڑ روپے اور ائیرپورٹ فیس کی مد میں 7 کروڑ 20 لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔

حکومت نے جائیدادوں اور سرکاری اداروں سے 435 ارب 80 کروڑ روپے آمدن کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ پی ٹی اے کے سرپلس فنڈز سے ایک ارب 30 کروڑ روپے حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق فور جی اور فائیو جی لائسنسز کے اجرا سے 27 ارب 70 کروڑ روپے حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ مختلف ریگولیٹری اتھارٹیز کے سرپلس فنڈز اور جرمانوں کی مد میں 4 ارب 70 کروڑ روپے وصول ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق محصولات کے ان بلند اہداف کا حصول ملکی معاشی سرگرمیوں میں اضافے، ٹیکس نیٹ کی توسیع اور مؤثر ٹیکس انتظامیہ سے مشروط ہوگا۔