Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجٹ 2026-27، آئندہ مالی سال کے لیے دفاعی بجٹ میں بڑا اضافہ

مجموعی طور پر حکومتی ترجیح سکیورٹی اور دفاعی استعداد کو مضبوط بنانا ہے

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافہ تجویز کرتے ہوئے مجموعی بجٹ 3000 ارب روپے تک لے جانے کی سفارش کر دی ہے۔ یہ رقم رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ 2595 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق دفاعی ضروریات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال میں دفاعی اخراجات میں مزید توسیع کی تجویز دی گئی ہے جس کے تحت دفاعی بجٹ مجموعی وفاقی اخراجات کا تقریباً 15 فیصد بنتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاک فوج کے لیے 1284 ارب روپے، پاک فضائیہ کے لیے 573 ارب روپے اور پاک بحریہ کے لیے 293 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ رواں مالی سال میں یہ رقوم بالترتیب 1184 ارب، 520 ارب اور 273 ارب روپے تھیں۔

دستاویزات کے مطابق ملٹری پنشن کی مد میں 822 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال اس مد میں 742 ارب روپے مختص تھے۔

اسی طرح دفاعی شعبے کے انتظامی اخراجات کے لیے 10 ارب 90 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ رواں مالی سال میں یہ اخراجات ابتدائی طور پر 7 ارب 95 کروڑ روپے تھے جو نظرثانی کے بعد 11 ارب 74 کروڑ روپے تک پہنچ چکے ہیں۔

دفاعی بجٹ میں ملازمین سے متعلق اخراجات بھی بڑھائے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے لیے یہ مد 967 ارب روپے تک پہنچنے کی تجویز ہے جبکہ رواں سال یہ اخراجات نظرثانی کے بعد 851 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

آپریشنل سرگرمیوں کے لیے 743 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کے 721 ارب روپے کے نظرثانی شدہ اخراجات سے زیادہ ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق یہ اضافہ دفاعی تیاریوں، تنخواہوں، پنشن اور آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر حکومتی ترجیح سکیورٹی اور دفاعی استعداد کو مضبوط بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں