آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مبینہ چھاپوں اور دکانیں سیل کرنے کے اقدامات کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے جس کے باعث آج کراچی بھر کی صرافہ مارکیٹیں اور جیولرز شاپس مکمل طور پر بند رہیں گی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکار پوری کے مطابق گزشتہ روزکی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع چھاپے مارے گئے اور متعدد جیولرز کی دکانیں سیل کر دی گئیں کیا ہم ٹیکس نہیں ادا کرتے ایف بی آر حکام کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ایک ہفتے پہلے نوٹس دے کوئی بھی کمپلین ہے ہمیں آگاہ کرے آج احتجاجاً منگل 16 جون کو کراچی کی تمام صرافہ مارکیٹیں اور جیولرز برادری ایف بی آرکے ظالمانہ اقدامات کے خلاف مکمل طور پر بند رہیں گی۔
قاسم شکار پوری نے مزید کہا کہ دوپہر 2 بجے زیب النساء اسٹریٹ پر ایک پرامن احتجاج کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ طارق روڈ لبرٹی چوک پر بھی دو بجے احتجاج کیا جائے گا جس کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے تمام جیولری اور جیمز برادری سے گزارش ہے کہ اس احتجاج میں ضرور شامل ہوں۔















