Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں معاشی استحکام، مشکل حالات کے باوجود ریلیف پر مبنی بجٹ بنایا، عطاء تارڑ

بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ، صنعتوں اور ایکسپورٹرز کو ریلیف دیا گیا ہے

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت آج ملک میں معاشی استحکام ہے، مشکل حالات کے باوجود ریلیف پر مبنی بجٹ بنایا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے آن لائن بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فعال افراد کو بجٹ سے متعلق آگاہ کرنا ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران مشکل فیصلے کیے گئے، تاہم اب حکومت عوام کو ریلیف دینے کی پوزیشن میں آ چکی ہے۔ ٹیکس نہ دینے والے افراد کا بوجھ ٹیکس ادا کرنے والوں پر نہیں ڈالا گیا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے ذاتی کوششوں سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے کیے اور حکومتی اقدامات کے باعث آج ملک میں معاشی استحکام نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں برآمد کنندگان کو مشکلات کا سامنا تھا، ایل سیز نہیں کھل رہی تھیں اور شرح سود 22 فیصد تک پہنچ گئی تھی تاہم موجودہ حکومت نے ریلیف پر مبنی بجٹ پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کے لیے ری فنانسنگ اسکیم میں شرح منافع صرف 4 فیصد مقرر کی گئی ہے جس سے برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، صنعتوں اور ایکسپورٹرز کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ ایف بی آر میں اصلاحات کے ذریعے سفارش کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مؤثر بنایا گیا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ شوگر ملز سے 60 ارب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے گئے ہیں جبکہ سپر ٹیکس اور ایڈوانس ٹیکس ختم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے مخالفین بھی بجٹ کی تعریف کر رہے ہیں اور یہ بجٹ گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے مختلف اور بہتری کی طرف ایک قدم ہے۔ بعض حلقے صرف تنقید برائے تنقید پر یقین رکھتے ہیں جبکہ ماضی میں پی ٹی آئی کے لوگ دعویٰ کررہے تھے کہ ملک آج دیوالیہ ہوگا، کل دیوالیہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں