لیبیا کی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر لیبیائی مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور فوجی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان آرمی امن، استحکام اور دوست ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
لیبیائی ڈپٹی کمانڈر اِن چیف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے لیے ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔















