Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا ایرانی صدر سے رابطہ، خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی پر زور

شہباز شریف نے امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے خطے کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے حاصل ہونے والی پیش رفت کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔

شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لیے مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور دیگر اعلیٰ پاکستانی قیادت کی جانب سے مرحوم آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے موقع پر طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں