اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ریسیپروکل ٹریڈ معاہدے سے متعلق مذاکرات 9 اور 10 جولائی کو واشنگٹن میں خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئے۔
ترجمان طاہر اندرابی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت جواد پال نے کی۔ دونوں ممالک نے مذاکرات کے دوران اختلافی نکات میں کمی لاتے ہوئے متعدد امور پر اتفاقِ رائے حاصل کیا جبکہ بات چیت کا مقصد ریسیپروکل ٹریڈ معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینا ہے۔
انہوں نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر ہونے والی بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا دونوں باہمی تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور معاہدے کو جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
















