آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کسٹمز بانڈڈ آئل اسٹوریج پالیسی میں اہم تبدیلی کی منظوری دے دی۔
فیصلے کے تحت پٹرولیم مصنوعات غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر درآمد کی جاسکیں گی، جبکہ کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج سہولیات کے ذریعے بھی پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق مقامی فروخت کے لیے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کو سپلائی کی غرض سے غیر ملکی سپلائرز بانڈڈ ذخائر رکھ سکیں گے۔ یہ ذخائر منظور شدہ مقامات پر نجی اور سرکاری ٹرمینلز میں رکھے جاسکیں گے۔
دوبارہ برآمد کے لیے بندرگاہوں پر بھی بانڈڈ اسٹوریج کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد محفوظ اور پائیدار پٹرولیم سپلائی چین یقینی بنانا اور ملک کی توانائی سیکیورٹی مزید مضبوط کرنا ہے۔
فیصلے کے تحت تیل و گیس کے شعبے میں توانائی سیکیورٹی کے کلیدی ستون مضبوط کیے جائیں گے، جبکہ مقامی پیداوار بڑھانے اور اسٹریٹیجک پٹرولیم ریزروز تشکیل دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج کی سہولیات کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
















