فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا اعلیٰ سطحی سرکاری دورہ کیا جہاں ترک قیادت کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اسٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک وزیر دفاع یاشار گولر سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ انہوں نے ترک فوجی قیادت سے پیشہ ورانہ اور سیکیورٹی امور پر گفتگو کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کے ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل سے بھی نوازا گیا۔
دورے کے دوران ان کی ترک لینڈ فورسز کے سربراہ جنرل میتن توکل سے بھی ملاقات ہوئی جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انقرہ میں انیت کبیر پر مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
پاکستان اور ترکیہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔


















