لاہور:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز آپریشن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

















