Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی ایک چیلنج، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، پاکستان

‘تمام تنازعات کا حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن ذرائع سے ممکن ہے’

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی ایک چیلنج ہے، تمام فریقین کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش رکھتا ہے اور خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ تمام تنازعات کا حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن ذرائع سے ممکن ہے۔ پاکستان تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں، جنگ سے گریز کریں اور کشیدگی میں اضافے سے بچیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان امن، استحکام اور علاقائی سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ پاکستان آئندہ بھی تمام متعلقہ ممالک کو مذاکرات کے ذریعے اختلافات کے حل کی ترغیب دیتا رہے گا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارت اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو اہم سمجھتا ہے جبکہ اسلام آباد اس حوالے سے طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور امن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جبکہ قطری قیادت نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا جس میں انہوں نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی سے بچنے پر زور دیا۔ ایرانی صدر نے بھی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

طاہر حسین اندرابی نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک نے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین وزارتی کانفرنس کا نواں اجلاس بھی منعقد ہوا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق چاہتا ہے۔

متعلقہ خبریں