Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سی پیک 2.0، پاکستان اور چین نے مستقبل کے بڑے منصوبوں پر مہر لگا دی

دونوں رہنماؤں نے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، دفتر خارجہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سی پیک کے دوسرے مرحلے اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی پر اتفاق کیا گیا جبکہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور جدید شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور چین نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی ترقی کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں جبکہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا ہے۔

متعلقہ خبریں