پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلام آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر “قراقرم ون” کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈیٹا سینٹر کے مختلف شعبوں، جدید سہولیات اور استعداد کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا جبکہ یہ منصوبہ پاکستان کی ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈیٹا سینٹر جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مشین لرننگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ حساس قومی اور تجارتی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے جدید ترین ڈیٹا سینٹر کو حیران کن اور قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عظیم منصوبے کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسکائی 47 منصوبہ مختصر مدت میں غیر معمولی عزم، پختہ یقین اور اعلیٰ مہارت کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت اور شراکت دار ادارے زیڈ ٹی ای کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں کامیابی ملکی تاریخ کا عظیم ترین لمحہ تھا، جب چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کیا جائے تو ایسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل محنت اور عزم ہی ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں، اسکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو اسکائی 47 جیسا تحفہ دینے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ملک کو ناقابلِ تسخیر سیکیورٹی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، جبکہ متحد ہو کر کام کیا جائے تو کوئی بھی ہدف ناقابل حصول نہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک نئے معاشی دور کے دروازے کھل رہے ہیں اور پاکستان اپنے وسائل اور افرادی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے قابل ہوگا۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ ڈیٹا سے حاصل ہونے والی بصیرت مستقبل کی حقیقی معاشی طاقت ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ محفوظ، کم لاگت اور مؤثر استعمال پر منحصر ہوگی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ مستقبل میں اے آئی کے میدان میں مسابقت ڈیٹا کے مؤثر استعمال پر ہوگی۔ اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر میں جدید اسٹوریج اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ سسٹمز دستیاب ہوں گے جو ملک میں تحقیق، صنعت اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔




















