Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یہ کشمور نہیں کشمیر ہے، یہ میرپور ہے میرپور خاص نہیں، نواز شریف

بلاول بھائی، میری بات کا برا نہیں ماننا، آپ میرے برخوردار ہیں، نواز شریف

میرپور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے انتخابی مہم کے سلسلے میں میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرپور کو جتنا خوبصورت ہونا چاہیے تھا، اتنا نہیں ہے جب کہ ان کے دورِ حکومت میں شروع ہونے والے متعدد ترقیاتی منصوبے آج بھی ادھورے پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا ’’یہ کشمور نہیں، کشمیر ہے، یہ میرپور ہے، میرپور خاص نہیں‘‘، انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام لیتے ہوئے کہا ’’بلاول بھائی، میری بات کا برا نہیں ماننا، آپ میرے برخوردار ہیں‘‘۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان نوک جھونک جمہوریت کا حصہ ہے تاہم سیاست میں لڑائی جھگڑا اور مارکٹائی نہیں ہونی چاہیے۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وہ یہ عہد لے کر آئے ہیں کہ میرپور اور پورے آزاد کشمیر کی تقدیر بدلیں گے اور پارٹی میرپور سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی جب کہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد آزاد کشمیر میں ترقی کا عمل رک گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے پر وہ خود وزیراعظم کے ساتھ مل کر علاقے کے چپے چپے کا دورہ کریں گے اور اپنی نگرانی میں پارٹی کے منشور پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہیں گے کہ میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ قائم کیا جائے جب کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں ہونے والے ہر بڑے ترقیاتی منصوبے پر مسلم لیگ (ن) کی مہر نمایاں ہوگی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر کسی اور جماعت نے آزاد کشمیر میں کوئی بڑا ترقیاتی کام کیا ہے تو بتایا جائے۔

نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی، نئے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی جب کہ طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے اور ہر ہونہار طالب علم کو لیپ ٹاپ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، نئے اسپتال قائم کیے جائیں گے، موبائل آن وہیلز اسپتال متعارف کرائے جائیں گے اور شہریوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں موٹرویز تعمیر کی جائیں گی، مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دی جائے گی جب کہ لوہار اور لیپا گلی میں ٹنل بھی تعمیر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سستی کھاد اور معیاری بیج فراہم کیے جائیں گے، میرپور کے ہر گھر تک سوئی گیس اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں